شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 2 اگست تک گرفتار نہ کرنیکا حکم

100

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی عدالت کے ڈیوٹی جج سید علی عباس نے ایف آئی اے کو ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 2 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایف آئی اے کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی گزشتہ سماعت کا فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تفتیش جوائن کر لی ہے، دونوں ملزمان کے خلاف تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تحریری جواب ایف آئی اے میں جمع کرا دیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے انصاف کی بنیاد پر مبنی تحقیقات کرنے کی استدعا کی ہے۔ تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آئندہ سماعت تک مقدمے کی تفتیش مکمل کریں۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو ضمانت پر دلائل دینے کیلیے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔