سندھ ہائی کورٹ ‘ خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

69

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ خورشید شاہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ 44 گواہوں میں سے صرف3 گواہوں کے بیانات ہوئے‘ عدالتی فیصلوں کے تناظر میں خورشید شاہ کو ضمانت دی جائے‘ ریفرنس طویل عرصے چلنے کا خدشہ ہے۔ عدالت نے ڈائریکٹر نیب سکھر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر صاحب آپ سکھر سے آئے ہیں‘ تو عدالت آتے ہوئے دستاویزات کا پلندا ہی گاڑی میں رکھ کر تو لے آتے‘ کیا دستاویزات سکھر میں انڈے رہی ہیں؟2 سال سے انکوائری چل رہی ہے یہ ہے نیب کی پراگریس؟ ہم مزید التوا نہیں دیں گے، جو بھی دستیاب دستاویزات ہیں ان پر کیس چلائیں گے، عدالت نے کیس ملتوی کرنے کی نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کردی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس ملزمان کی جانب سے التوا کا شکار ہے‘خورشید شاہ کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے گئے‘ملزمان این آئی سی وی ڈی میں داخل ہوگئے‘ وہاں نیب کو جانے نہیں دیا جا رہا۔