اسلام آباد (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک میں پراپرٹی کی تحقیقات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔ الیکشن کمیشن ریکارڈ میں آصف زرداری نے نیویارک پراپرٹی ظاہر نہیں کی۔ نیب ذرائع کے مطابق نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویزات نیب کے پاس موجود ہے‘ ملکیت آصف زرداری کی ہی تھی۔دستاویزات کے مطابق 20جون 2007ء کو5 لاکھ30 ہزار ڈالر میں اپارٹمنٹ خریدا گیا۔7 جون 2007ء کو آصف زرداری نے میری این نامی خاتون کو پراپرٹی خریدنے کا پاور آف اٹارنی دیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے فلیٹ کی موجودہ ملکیت سے متعلق امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کرلیا۔