یوروپین کپ کا فائنل انگلینڈ اور اٹلی کے مابین لندن کے ومبلے اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ یورپین کپ میں ہونے والا تیسرا اور کل ملاکر28 واں بین الاقوامی میچ ہوگا۔
اٹلی اور انگلینڈ کے مابین ابھی تک جو27 بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میں اٹلی نے11 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہیْ انگلینڈ نے 8 میچوں میں جیت درج کی ہے جبکہ 8 میچ برابر رہے ہیں۔ ان دونوں کے مابین جو آخری 5 میچ ہوئے ہیں اس میں اٹلی نے2اور انگلینڈ نے ایک میں جیت حاصل کی ہے۔ اٹلی کی جیت میں ایک وہ بھی جیت شامل ہے جو اس نے پنالٹی شوٹ آئوٹ میں حاصل کی ہے۔
انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان یوروپین کپ میں جو2 میچ ہوئے ہیں اس میں د ونوں میں جیت اسی کے نام رہی ہے۔ اس نے1980 میں تورین میں1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ2012 میں کیوو میں اس نے پنالٹی شوٹ آئوٹ میں4-2 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ مقررہ وقت اور فاضل وقت کے بعد میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔
انگلینڈ نے سیمی فائنل میں ڈنمارک کو سیمی فائنل میں فاضل وقت میں 2-1 سے شکست دیکر پہلی مرتبہ یوروپین کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس نے1966 کے بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انگلینڈ نے1966 میں ومبلے میں ہوا عالمی کپ کا فائنل جیتا تھا جس کے55 سال بعد وہ دوسرا فائنل کھیلے گی۔اس نے ان55 سال میں بڑے ٹورنامنٹس کے ناک آئوٹ مرحلوں میں 28 میں سے14 مرتبہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ومبلے اسٹیڈیم ، انگلینڈ کے لئے کافی اچھا رہا ہے ۔ اس نے یہاں جو آخری17 میچ کھیلے ہیں اس میں 15 میں اسے جیت ملی ہے۔ ایک میچ میں اسے شکست ہوئی ہے اور ایک میچ برابر رہا ہے۔ ان میچوں میں اس نے 46 گول کئے ہیں اور اسکے خلاف صرف5 گول ہوئے ہیں۔ انگلینڈ کو آخری12 میچوں میں سے کسی میں شکست نہیں ہوئی ہے۔ اس نے11میچوں میں جیت حاصل کی ہے اور ایک میچ برابررہا ہے۔
اٹلی نے سیمی فائنل میں 3 مرتبہ کی یوروپین چمپیئن اسپین کے خلاف پنالٹی شوٹ آئوٹ میں4-2 سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا ااعزاز حاصل کیا ہے۔1968 میں اس نے یوگو سلاویہ کو شکست دی تھی جبکہ2000 میں اس کو فرانس نے اور2012 میں اسپین نے ہرایا تھا۔
ٓٓاٹلی10ویں مرتبہ کسی بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کی حقداد بنی ہے ۔ اس نے4 مرتبہ یورپین کپ کے فائنل کے علاوہ 6 مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں بھی کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔یورپین ٹیموں میں صرف جرمنی ایسی ٹیم ہے جس نے ان سے زیادہ فائنل میچوں میں رسائی حاصل کی ہے۔اٹلی کی ٹیم نے جو آخری33 میچ کھیلے ہیں اس میں کوئی بھی ٹیم اس کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ اس نے ان33 میں سے27 میچ جیتے ہیں اور6برابر رہے ہیں۔ان میچوں میں اس نے86 گول کئے اور 10 اسکے خلاف ہوئے۔
اپنے گھر پر ہوئے یورپین کپ میں اسپین نے 1964 میں،اٹلی نے1968 میں اور1984 میں ٹائٹل جیتا تھا جبکہ پرتگال کو2004 میں اور فرانس کو2016 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اتھا۔