بلاول تین بار امریکا جائیں،عمران خان مدت پوری کرینگے،شیخ رشید

102

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول زرداری ایک نہیں 3 بارامریکا جائیں،عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی، آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن اورحکومت کے تعلقات ٹھیک ہو جائیں گے،بلاول زرداری ایک نہیں 3 بار امریکا جائیں لیکن عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم پر جاؤں گا۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود افغانستان میں امن کے لیے اقدامات کررہے ہیں، افغان عوام جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا،ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا کیس اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے، بھارت سے 5 اگست کا قانون واپس لینے تک کوئی بات نہیں ہوگی۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے پہلے روس کو شکست دی، پھر امریکا کو انخلاء پر مجبور کیا، اس وقت افغان طالبان کافی بدل چکے ہیں، طالبان افغانستان میں خود خانہ جنگی نہیں چاہتے۔ اْن کا کہنا تھا کہ افغان عوام جو فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا، جمعیت اسلامی نے بھی بھرتی شروع کردی ہے، اْس کو چھوٹی طاقت نہیں سمجھنا چاہیے، افغانستان میں اب نسلی بنیادوں پر بھرتی کی جارہی ہے، پاکستان کی حکومت، فوج اور ادارے ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں، ہم نے چمن میں بھی ایف آئی اے کو تعینات کردیا ہے۔افغانستان پر ہونے والی خانہ جنگی میں ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی سرزمین استعمال نہ ہو۔ افغان طالبان اس وقت آدھے افغانستان پر قبضہ کرچکے ہیں، ہم اس معاملے میں کسی کے ساتھ فریق نہیں بنیں گے۔