دوسرا ون ڈے: انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 248 رنز کا ہدف

182

لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان انگلینڈ نے جیت کیلئے 248 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تین ایک روز میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ ٹیم 45.2 اوورز میں 247 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے 60 اور جیمز ونس نے 56 رنز اسکور کیے۔

بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع پر میچ میں 3 اوورز کم کردیے گئے ہیں، اور ایک اننگز 50 کی بجائے اب 47 اوورز کی ہوگی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ ملان اور فل سالٹ نے کیا، انگلینڈ کی پہلی وکٹ 9 رنز پر گری، ڈیوڈ ملان بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 21 رنز پرگری، زیک کرولی بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انھیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ کیلئے فل سالٹ اور جیمز ونس کے درمیان 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر فل سالٹ 60 رنز بنا کر سعود شکیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ 134 رنز پر گری، جیمز ونس 56 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ بین اسٹوکس کی گری، وہ 22 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ جان سمپسن کی گری، وہ 17 رنز بنا کر حسن علی ہی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ساتویں وکٹ کریگ اوورٹن کی صفر پر گری، انھیں محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر کیچ کیا۔ آٹھویں وکٹ کیلئے لوئس گریگری اور برینڈن کارس کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ لوئس گریگری 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ برینڈن کارس 31 اور ثاقب محمود 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف 2، شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔