سونامی کا دور ختم، اب فلاحی مملکت کا دور آئے گا، سراج الحق

329

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سونامی کا دور ختم ہورہا ہے، اب فلاحی مملکت کا دور آئے گا،انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکیج سیاسی جماعتوں کو بھیج دیا۔

منصورہ میں مرکزی سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شفاف انتخابات کے بغیر چارہ نہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھر پور تحریک چلارہے ہیں، اس سلسلے میں حلقہ جاتی سطح پر عوام کو منظم کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عام شخص کی زندگی مسائل کا انبا ر بن چکی ہے،  جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اسلامی حکومت کا کام صرف سزائیں دینا نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کا قیام ہے جس میں ریاست کے ہر شہری کو اس کا حق ملے، اسلامی نظام میں شہریوں کو بلاامتیاز صحت اور تعلیم کی سہولتیں میسر ہوں گی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ قانون امیر و غریب کے لیے یکساں اور انصاف دہلیز پر ملے گا،  ملک کو قرضوں کے چنگل سے آزادی ملے گی اور زکوة و عشر کی بنیاد پر معیشت مستحکم کر کے ملک کو عظیم سلطنت بنایا جائے گا۔