عمران خان کشمیریوں کی امنگوں پر پورا نہیں اترتے، بلاول

131

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاو ل زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیروں کی امنگوں پر پورا نہیں اترتے،جیالے نہ صرف اس کٹھ پتلی سمیت دیگر پارٹیوں کو بھی کشمیر سے بھگائیں گے، ہمیں ایک ایسا وزیراعظم نہیں چاہیے جو انتخابات کیلیے مودی کی فتح کی دعا مانگتا ہو، میں اس پارٹی کو کہتا ہوں وہ بلی نہ بنے اور بھاگے نہیں بلکہ شیر کی طرح
کھڑے ہو کر اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعرات کے روز حویلی کے مقام پر جلسے سے خطاب میں کیا۔ چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ عمران کی تبدیلی کا اصل چہرہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 120فیصد، پنشن میں 100 فیصد اور فوجیوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا۔ اب 25 جولائی کو ایک اور جیالا وزیراعظم منتخب ہوگا اور اس حکومت کا پہلا اقدام تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ فیصل راٹھور اس حلقے سے جیت کر اسلام آباد سے کشمیر ایکسپریس وے کو حکومت میں آکر مکمل کرائیں گے اور یہ پیپلزپارٹی کی جانب سے کشمیری عوام کے لیے تحفہ ہوگا۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے اور 25تاریخ کو عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں اور تیر پر ٹھپا لگائیں۔