عدالت عظمیٰ کے فیصلے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر طمانچہ ہیں‘ مریم اورنگزیب

153

لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے جھوٹے مقدمات بنانے پر وزیراعظم، چیئرمین نیب اور شہزاد اکبر کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ عدالت عظمیٰ، ہائیکورٹس کے فیصلے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے بعد شرم ہو تو عمران صاحب، چیئرمین نیب اور شہزاد اکبر کو استعفا دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو سیاسی انتقام پر سزائے موت کی چکیوں اور قید خانوں میں رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، مقدمات بننے چاہئیں۔ 3 سال میں جھوٹے مقدمات، بے بنیاد الزامات اور تہمتیں لگانے والوں کے چہرے جھوٹ کی سیاہی سے داغدار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، شاہد خاقان، سعد رفیق، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل سمیت دیگر رہنماﺅںکے خلاف مقدمات میں عدالتی فیصلے سیاسی انتقام کوبے نقاب کرچکے ہیں ۔ قوم کے وسائل جھوٹے مقدمات پر ضائع کرنے کا حساب لیاجائے، ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہونا عمران خان کے جھوٹے بیانیے کی موت ہے ۔ انہوں نے کہا آٹا چینی، دوائی، ایل این جی، رنگ روڈ کے لٹیرے، ووٹ چور، معیشت چور، تعلیم اور علاج مہنگا کرنے، مفت دوائیاں چھیننے والے اقتدار کے ایوانوں میں ہیں۔