صوابی، پرانی دشمنیوں ، لینڈ مافیا کے خاتمے کیلیے جرگوں کا آغاز

149

صوابی (این این آئی) ضلع صوابی میں پرانی دشمنیوں، قبضہ اور لینڈ مافیا، اسلحہ کی نمائش ، منشیات اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے ڈی پی او محمد شعیب کی سر براہی میں پختون روایات کے مطابق جرگوں کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں موضع صوابی کے سب سے بڑے گنجان آباد شہر یار حسین میں ایک بڑا جرگہ ہوا، جس میں علماء کرام، اصلاحی جرگوں کے اراکین، عمائدین علاقہ سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او صوابی نے جرگے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ پختون روایات واپس لائیں گے جس میں امن، ادب، بزرگوں کا احترام، محبت اور ہر گاؤں میں خوشیوں کا سماں ہو۔ ان روایات کو لانے کے لیے، بدمعاشوں، لٹیروں، منشیات فروشوں، اجرتی قاتلان، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں و لینڈ مافیا اور دیگر معاشرتی و سماجی جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنا ہوگا اور اس کے لیے آپ لوگوں کا تعاون درکار ہوگا۔ ایسے عناصر کا سوشل بائیکاٹ کرکے ان کی نشاندہی کریں تاکہ ہم ان کا صفایا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کے وژن کے مطابق خونریز دشمنیوں کو دوستی میں بدلنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں یار حسین بلکہ ہر گاؤں، یونین کونسل کے تین تین مشران اکٹھے ہوکر اپنے اپنے علاقے میں دو فریقین جن کی دشمنی ہو راضی نامے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی راضی نامے کے لیے میری ضرورت ہو تو میں رات 2 بجے بھی آپ کے ساتھ حاضر ہوں گا اور اس کار خیر میں حصہ لوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع صوابی میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، اور اس کے تدارک کے لیے آپ علاقہ مشران کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ضلع کو پُرامن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو پولیس افسران کو بھی شامل کریں اور مزید خونریزی بند کی جائے، اجرتی قاتلوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور شناخت کی بابت تعاون کیا جائے، انسانوں کے درمیان صلح کروانا بڑے ثواب کا کام ہے۔ حلقہ احباب کی بنیاد اللہ کے خاطر ہونا سرخروئی کا باعث ہے۔ نفرت کے اظہار میں حد سے گزر جانا بھی مومن کا وتیرہ نہیں، ہماری ڈیوٹی بھی ایک عبادت ہے اور عبادت سے اللہ ملتا ہے میں اور میری تمام پولیس خواہ وہ سپاہی ہوں یا ایس پی، ڈی ایس پی آپ سب معزز مشران اور معاشرے کے روشن مستقبل کے لیے آپ کے سپاہی ہیں۔ ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں کسی بھی بدمعاش، قبضہ مافیاء، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں، منشیات فروش اور اجرتی قاتلوں کو پناہ و سہولت فراہم کرنے والے افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، کسی بھی شخص کو اجازت نہیں کہ وہ کسی مظلوم غریب کی زمین پر قبضہ کرے یا منشیات فروشی کرے اور یا علاقے میں بدمعاشی کرے۔ جو بھی بزرگ، غریب اور کمزور ہو اور اس کی زمین پر کسی نے قبضہ کیا ہو تو فوراً میرے پاس آئیں تاکہ ان کا حق ظالم سے لے کر ان کو حوالے کریں۔