نواب شاہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر نے روہڑی کینال فراہمی آب منصوبے اور الٹراواٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا،شہریوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ابراراحمد جعفر نے نواب شاہ کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے والے روہڑی کینال فراہمی آب منصوبہ اور الٹرا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عنایت اللہ میمن، سی ایم او میونسپل کمیٹی عبدالرزاق شیخ و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ الٹرا واٹر فلٹریشن پلانٹ کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ کے شہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں جبکہ الٹرا واٹر فلٹریشن پلانٹ میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے ۔