سانگھڑ (نمائندہ جسارت) سانگھڑ کے عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا قانونی کلیدی کردار ادا کروں گا، صدر سندھ ہائیکورٹ بار عشرت علی۔ سانگھڑ ضلع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے عوامی بنیادی مسائل بہت زیادہ ہیں این آئی سی وی ڈی عوام کی اہم ضرورت ہے۔سانگھڑ سندھ ہائیکورٹ کورٹ بار کے صدر عشرت علی لوہار دیگر وکلاء برادری وفد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار سانگھڑ اور نیشنل پریس کلب کے ایک روزہ دورے پر پہنچے۔ سینئر ایڈووکیٹ عشرت علی لوہار، ایڈووکیٹ محمد سلیم ملک کی دعوت پر ڈسٹرکٹ بار گئے جہاں انہوں نے اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈووکیٹ ظفراللہ، اشعر کھوکھر، عدنان شکیل بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ بار سے نیشنل پریس کلب پہنچے جہاں انہیں عشائیہ دیا گیا۔ نیشنل پریس کلب کے صدر غلام مصطفی ترین نے ہائیکورٹ بار کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ صدر غلام مصطفی ترین نے سانگھڑ کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سانگھڑ معدنی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے مگر عوامی مسائل کے انبار موجود ہیں ضلع سانگھڑ صحت تعلیم اور دیگر بنیادی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ پروگرام میں آئے ہوئے مہمانوں کو سندھ کا عظیم تحفہ اجرکیں پہنائی گئیں۔