پورا ملک مہنگائی کے بوجھ تلے بلبلا رہا ہے،شہباز شریف

318

فیصل آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میںحکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی،مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،نواز شریف کی حکومت نے شاندار کارکردگی سے اندھیرے ختم کیے ، اندھیرے پھر سے چھا گئے ، گرمی میں پنکھا بھی بند ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں عابد شیر علی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف نے ایک سوال پر کہا کہ موجودہ حکومت نے وقت پر گیس نہیں منگوائی ، مہنگا تیل استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ پورا ملک مہنگائی کے بوجھ تلے بلبلا رہا ہے،مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مہنگائی،بے روزگاری اپنے عروج پر ہے،حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔شہباز شریف نے کہا کہ اتنے برے حالات پاکستان کے عوام نے 72سال میں نہیں دیکھے، دالیں، گوشت، سبزیاں سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ حکومت نے خود تسلیم کیا کہ نواز شریف دور میں اضافی بجلی تھی، نواز شریف دور میں سستے ترین بجلی کے منصوبے لگائے گئے،نواز شریف کے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی تھی، نواز شریف کی حکومت نے شاندار کارکردگی سے اندھیرے ختم کیے،اندھیرے پھر سے چھا گئے اور گرمی میں پنکھا بھی بند ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وقت پر گیس نہیں منگوائی ، مہنگا تیل استعمال کیا، مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔