عمران صاحب کی سوچ سے ملکی امیج خراب ہوا، مریم اورنگزیب

80

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کی سوچ سے ملکی امیج خراب ہوا، رپورٹرزوِدآﺅٹ بارڈرز کی رپورٹ حکومت کی کارکردگی کے چہرے پر طمانچہ ہے ۔ رپورٹرز وِد آﺅٹ بارڈرز کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کی فسطائی اورآمرانہ سوچ، رویے اورکردارکی سزا پاکستان کے عالمی امیج کی تباہی کی صورت مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ’رپورٹرز وِدآوٹ بارڈرز‘ کی رپورٹ عمران صاحب کی جمہوریت اور کارکردگی کے چہرے پر زناٹے دار طمانچہ ہے ۔ انہوں نے کہا ’آر ایس ایف‘ رپورٹ عمران صاحب اور ان کی حکومت کے بارے میں چارج شیٹ ہے۔ تین سال میں میڈیا اور آزادی اظہار رائے کے عمران صاحب کے اعمال نامے پر عالمی مہر تصدیق ثبت ہوئی ہے ۔ سینسرشپ، اظہار رائے اور میڈیا پر قدغنوں، صحافیوں کے اغوا سے ان کے قتل تک عمران صاحب کے دور حکومت کا ایک ایک پہلو بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا اس رپورٹ کے بعد عمران صاحب یہ نہیں کہہ سکتے کہ پاکستان میں مغرب سے زیادہ جمہوریت ہے کیونکہ یہ چارج شیٹ مغرب نے ہی جاری کی ہے۔