صوابی مختلف علاقوں میں شدید طوفان اور بارش نے تباہی مچادی

423

صوابی (این این آئی) صوابی کے مختلف علاقوں میں شدید طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی۔ کچے مکانات اور دیواریں گرنے سے خاتون جاں بحق، جبکہ ایک خاتون سمیت تین بچے زخمی ہوگئے۔ اتوار کی شام صوابی کے مختلف علاقوں زیدہ، کھنڈہ، چھوٹا لاہور، یار حسین، رزڑ، ٹوپی، گدون سمیت دیگر علاقوں میں گرد و غبار کے ساتھ شدید طوفان آیا، جس کے نتیجے میں بڑے بڑے سائن بورڈز، بجلی کے کھمبے جبکہ ٹرانسفارمر ہوا میں اڑ کر زمین پر گرگئے، اس تیز رفتار طوفان سے کئی مقامات پر تناور درخت جڑوں سے اکڑ گئے۔ موضع زیدہ میں مکان کی دیوار گر جانے سے مومن شاہ نامی شخص کی بیوی جاں بحق جب کہ ایک بچی اور بچہ زخمی ہو گئے اسی طرح یار حسین میں کچا مکان گرنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی جب کہ دیگر مقامات پر کچے مکانات دیواریں گرنے اور سائن بورڈز و دیگر آلات ہوا میں اُڑنے سے کئی افراد زخمی ہو گئے ۔اس طوفان کی وجہ سے زیدہ ٹوپی سمیت مختلف علاقوں میں سترہ گھنٹے تک بجلی کی سپلائی کھمبے اور ٹرانسفارمر گرنے کی وجہ سے بند رہی جب کہ بعض مقامات پر آخری اطلاع تک سپلائی بند رہی واپڈا اہلکار بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔