کوٹلی (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے (ن) لیگ کی ترقی اور عمران خان کی تبدیلی کو دیکھ لیا ہے‘ پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی‘ جیالوں کو حکم دوں تو حکمران کہیں کے نہیں رہیں گے‘ پیپلز پارٹی کشمیر کے صدر پر 2 مرتبہ حملہ ہوا‘ ہم مسلم کانفرنس کی عزت کرتے ہیں مگر یہ کیسی جماعت ہے؟ کیا ووٹ کی عزت بندوق سے ہوتی ہے؟ آپ ووٹ کی طاقت سے ہمارا مقابلہ کریں ‘ ہم ایسی سیاست نہیں کرنے دیں گے‘ جہاں جیالوں کا پسینہ گرے گا‘وہاں ہمارا خون گرے گا‘مودی نے کشمیرکی حیثیت تبدیل کی تو بزدل نے ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا‘ مودی نے حملہ کیا تو بزدل نے اسمبلی فلور پر کہا کہ میں کیا کروں‘ کشمیر پر سودے بازی ہرگز قبول نہیں کریں گے‘ جب تک ایک بھی جیالا ہے‘ ان کا ہر منصوبہ ناکام بنائیں گے۔پیر کوکوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران بلاول زرداری نے کہا کہ حکمران پیپلز پارٹی کے جیالوں سے خوفزدہ ہیں‘آزاد کشمیرکے عوام کومعاشی طورپرمضبوط بنائیں گے‘اس سے قبل5 جولائی1977ء کو پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت کے خاتمے اور ملک میں مارشل لا کے نفاذ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ5 جولائی کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد کیا جائے گا، آمر جنرل ضیا الحق کی سربراہی میں فوجی بغاوت پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں پر سفاک حملہ تھا، اس بغاوت کے ذریعے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی زیرِ قیادت جمہوری طور منتخب عوامی حکومت پر شبِ خون مارا گیا ۔