بھارت ریاستی دہشت گردی کا مستقل ایکسپورٹر ہے،رضا ربانی

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف اقدام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور مغربی دارالحکومتوں کا کڑا امتحان ہے۔ پیرکو جاری کردہ بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کا مستقل ایکسپورٹر ہے‘ مغربی دارالحکومت نے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا ہے‘را کے ایجنٹس طویل عرصے سے بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور واقعے میں بھارتی دہشت گردی کی مہر لگنا حیران کن نہیں‘ اب ایف اے ٹی ایف اور مغربی دارالحکومتوں کے لیے امتحان ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا ایف اے ٹی ایف بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے کر بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالے گا؟ یا پھر مغربی دارالحکومتوں کا دہرا معیار جاری رہے گا‘ اگر ایف اے ٹی ایف بھارت کے خلاف ایکشن لینے میں ناکام ہوتا ہے، تو اس سے یہ ظاہرہو گا کہ ایف اے ٹی ایف سامراج کے ہاتھ میں کھیلنے والا ایک اور ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوگا کہ ایف اے ٹی ایف کا مقصد ریاستوں پر قومی سیکورٹی کے حوالے سے دبائو ڈالنا ہے‘ نئی دہلی اندرونِ ریاست دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے‘ بھارت اپنے ملک میں طاقت کے ذریعے 22 قوم پرست تحریکوں کو دبا رہا ہے‘ مغربی سامراج اور بھارت کا خطے کے پولیس مین بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔