سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پنکھے اور تاریں اٹھا کر سڑکوں نکل آئے ،بجلی کے پنکھے کا علامتی جنازہ رکھ کر سیپکو کیخلاف انوکھا احتجاجی مظاہرہ، سیپکو کیخلاف نعریبازی، حکام بالاسے لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلز بھیجے جانے کا نوٹس لیکر صارفین کو مشکلات سے نجات دلانے کا مطالبہ، سیپکوکی صارفین کیساتھ مبینہ زیادتیوں اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بل بھیجے جانے والے عمل کیخلاف شہریوں کی کثیر تعداد نے سول سوسائٹی کے نمائندگان اشفاق بھٹی و دیگر کی قیادت میں پنکھے کا علامتی جنازہ رکھ کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈ اور بینرز اور پنکھے اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیپکو نے شہر بھر میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے، شہر کے مختلف علاقوں، واری تڑ، غریب آباد، شمس آباد مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، نیو پنڈ، قریشی گوٹھ سمیت سکھر شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکین شدید گرمی میں پریشان حال زندگی گزار رہے ہیں لیکن شکایات کے باوجود سیپکو حکام کان دھرنے کو تیار نہیں ہے۔ سیپکو کاعملہ مختلف علاقوں میں رشوت کے عوض بجلی چوری کرارہا ہے اور بجلی چوری کا بوجھ غریب صارفین پر ڈال کر اضافی یونٹوں اور ڈیڈکشن بلز بھیجے جارہے ہیں، جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ شکایات پر صارفین کو بجلی منقطع کرنے سمیت ہراساں کیا جاتا ہے اور بل درستگی کیلیے آٹھ سے دس ہزار روپے رشوت طلب کی جاتی ہے۔ مظاہرین نے وقافی وزیر پانی و بجلی، سیپکو چیف سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے شہریوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلاتے ہوئے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔