فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چوروں کے لنڈ ا بازار کے سوات جانے سمیت بھان متی کا کنبہ جتنی مرضی ٹامک ٹوئیاں مارلے اب عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتاجبکہ بلاول صرف سیر سپاٹے کیلیے امریکا جارہے ہیں اور وہ نوکری دو اڈے لو سمیت جتنی بھی آفرز کرلیں انہیں امریکا سے کچھ نہیں ملے گا اور وہ خالی ہاتھ ہی واپس لوٹیں گے نیز اپوزیشن آئندہ عام انتخابات میں اپنی واضح نظر آتی ہوئی شکست سے خوفزدہ ہو کر انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر رہی ہے مگرہم کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جانا چاہتے ہیں، کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران کئی ملک ایسے ہیں جن کی معیشت بینک ڈیفالٹ کی حدتک پہنچ گئیں عمران خان کے اقدامات کے باعث پاکستان کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہواجس کے نتیجہ میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر باہر جانے کے بجائے پاکستان آرہے ہیں اوراب ہماری پوری توجہ فوڈ سیکورٹی کی طرف ہے ۔اتوار کی دوپہر سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اقدامات کے باعث پاکستان کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہم نے بہترین عوامی مفاد میں ترجیح دی جس سے ہماری معیشت میں بہتری آئی یہی نہیں بلکہ سمندرپار پاکستانیوں نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ریکارڈ ترسیلات زر ملک میں بھجوائیں اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک سال میں 60ارب ڈالر پاکستان آئے جن میں قرض کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی حکومتوں کے دور میں ڈالر باہر گئے لیکن ہماری حکومت ریکارڈڈالر ملک میں لے کر آئی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آئندہ انتخابات میں اپنی واضح نظرآتی شکست سے بچنے کی لیے انتخابی اصلاحات سے فرار چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر جتنا اضافہ ہوا ہم نے اتنا اضافہ نہیں کیا۔