اسپورٹس جرنلسٹس کے عالمی دن پر ہاکی رپورٹنگ ورکشاپ کا انعقاد

254

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت اسپورٹس جرنلسٹس کے عالمی دن کے موقع پر ” ہاکی رپورٹنگ ورکشاپ ” کا انعقاد کیا گیا۔ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلکس میں منعقدہ ورکشاپ سے اظہار خیال کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان کا کہنا تھا کہ صحافی کا ہوم ورک پورا ہو تو بڑے سے بڑا کھلاڑی یا آرگنائزر اسے ڈاج نہیں دے سکتا۔ کسی بھی کھیل اور کھلاڑی کے عروج و زوال میں سب سے اہم کردار اسپورٹس جرنلسٹ کا ہوتا ہے، اسپورٹس جرنلسٹس کے عالمی دن پہ سجاس نے ہاکی رپورٹنگ ورکشاپ کا انعقاد کر کے ثابت کردیا ہے کہ اسپورٹس جرنلسٹس قومی کھیل کی بحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ اولمپیئن کاشف جواد نے شرکاء کو جدید ہاکی “فائف اے سائڈ” کے قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستان ہاکی قوانین کو بروقت نہ سمجھنے کا نقصان اٹھا چکی ہے، دس دس منٹ کے دو ہاف پر مشتمل جدید ہاکی فائف اے سائیڈ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین کا کہنا تھا کہ کے ایچ اے کی کامیابی میں سجاس کا اہم کردار ہے، ورکشاپ سے انٹر نیشنل ہاکی کمنٹیٹر ریاض الدین، سینئر اسپورٹس جرنلسٹس راشد عزیز، سید نصر اقبال، محمود ریاض، مقصود احمد، نادرہ مشتاق اور جعفر حسین نے رپورٹنگ اور نیوز پیکج کے حوالے سے اظہار خیال کیا، ورکشاپ میں سجاس کے ممبران کثیر تعداد میں شریک تھے۔ ورکشاپ کے اختتام پر سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور اولمپیئن کاشف جواد نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید نصر اقبال اور سجاس کے سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان نے اولمپیئن کاشف جواد اور حیدر حسین کو سجاس کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔