سکھر، شہری مسائل پر سنی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں مکمل

264

سکھر (نمائندہ جسارت) سنی تحریک سکھر کی جانب سے اتوار 4 جولائی کو شہری مسائل اور اربوں روپے خرچ کے باجود شہر کی ابتر صورتحال زبوں حالی کے موضوع پر سکھر پریس کلب میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، سنی تحریک ضلع سکھر کے صدر انور کمال بلوچ ، شہزاد خرم، بلال سومرو و دیگر نے کہا ہے کہ شہر کی سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں کے رہنمائوں کو دعوت دی گئی۔ ان رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے اگر انقلاب نہیں بھی لاسکے تو خاموش رہنے والوں میں بھی ہمارا شمار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس 4 جولائی 12 بجے سکھر پریس کلب میں ہوگی، جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسز سے ملنے والا اربوں روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہوا، اس کے عوام کو کیا ثمرات حاصل ہوئے یہ سوال پوچھنا ہر شہری کا حق ہے، ہم اپنا حق مانگنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ جدوجہد عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہے، تاکہ جو نقصان ماضی میں کیا ہے وہی نقصان مستقبل میں نہ ہو۔ جنہوں نے اربوں روپے ہڑپ کیے ہیں، ان کے چہروں کو بے نقاب کرنے جارہے ہیں، پھر فیصلہ عوام پر ہے مگر ہم خاموش رہنے والوں میں شامل نہیں ہوسکتے۔