عمران خان کل گوادر کا دورہ کریں گے‘عاصم سلیم باوجوہ

215

کوئٹہ (آن لائن )سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل گوادر کا دورہ کریں گے، 600ارب روپے سے زائد پر مشتمل جنوبی بلوچستان پیکج بنایا ہے جو خطے کی محرومیوں اور دیگر مسائل کو دور کرے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے 9اضلاع میں 31ڈیمز ہیں جن میں 15پہلے سے زیر تکمیل ہیں جبکہ 16نئے ڈیمز شروع کیے گئے ہیں اور انہی ڈیمز کی زراعت کے شعبے کو بھی ترقی ملے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز اس پیکج کا شراکت دار ہیں اور جو سڑکیں تعمیر ہورہی ہیں یہ بھی اسی پیکج کا حصہ ہیں، اگر ہم جائزہ لیں تو بلوچستان میں کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسکیم نامکمل رہتی ہے، اس لیے اس منصوبے کے تحت ترجیح دی گئی کہ سب سے پہلے نامکمل اسکیموں کو مکمل کیا جائے، خطے میں تقریبا80اسکیمیں زیر تکمیل ہیں جس سے ہوشاب اور دیگر اضلاع میں پانی، بجلی، مواصلات کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ اس پیکج کا39فیصد کمیونیکیشن انفرا اسٹرکچر پر مشتمل ہے، اس میں تربت ائرپورٹ کی توسیع کا بھی منصوبہ ہے جبکہ چین کی جانب سے ملنے والی 23کروڑ ڈالر پر مشتمل گرانڈ سے گوادر ائرپورٹ تعمیر ہورہا ہے۔ نیشنل گریڈ کے ساتھ جنوبی بلوچستان کو منسلک کیا جائے گا جس میں ٹرانسمیشن لائنز بھی شامل ہیں، گوادر میں 300میگا واٹ کا پاور پروجیکٹ ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔