چترال / اوکاڑہ (آن لائن) چترال اور اوکاڑہ میں دشمنی پر 2 بچوں سمیت5 افراد کو قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لوئر چترال کے تحصیل دروش کے گاؤں عشریت میں دشمنی کی بنیاد پر3 افراد کو قتل کردیا گیا۔ وقوع کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ سال عشریت میں ایک واقعے میں ملزمان کا قریبی عزیز قتل ہو گیا تھا جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزمان نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ اوکاڑہ کی رحمان کالونی میں 2 معصوم بھائیوں کو انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا گیا‘ محمد حسنین رکشہ ڈرائیور کے بچے6 سالہ احمد علی اور11 سالہ طلحہ قرآن کی تعلیم کیلیے مدرسہ اشرفیہ رحمان کالونی گئے لیکن حسب معمول عشا کی نماز کے بعد گھر واپس نہ پہنچے تو پولیس کو اطلاع دی گئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان نعمان ولد رزاق اور تنویر ولد صابر کو پہچان کر گرفتار کرلیا ۔ ملزمان نے بچوں کو اغوا کر کے نہر میں پھینکناکا اعتراف کر لیا۔ وزیراعلی پنجاب نے آر پی او ساہیوال سے2 بھائیوں کے قتل کی رپورٹ طلب کرلی اور آر پی او ساہیوال کو گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی۔