لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت لاٹھی چارج، مقدمہ پہلے کرتی ہے، بات بعد میں سنتی ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میںکہا کہ کیا طالب علموں پر لاٹھیاں برسا کر انہیں دہشت گرد بننے پر مجبور کیاجارہا ہے؟ کون سی قوم دنیا میں اپنے طالب علموں پہ لاٹھیاں برساتی ہے ؟انٹرمیڈیٹ کی سطح پر بچے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کی فکر میں ہوتے،طالب علموں کو بٹھا کر، ان کی تحمل سے بات سننے کے بجائے ان کو مارنا پیٹنا کون سی عقل مندی ہے؟۔انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کا مسئلہ حل کرنے، ان کی بات سننے کے بجائے ان پر تشدد کیاجارہا ہے ۔عمران خان مغربی جمہوریت کو کیا دکھا رہے ہیں کہ ہم طالب علموں پر لاٹھیاں برساتے ہیں ۔علاوہ ازیں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس بھجوانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب فیصلہ کرلیں کہ ایک ہی الزام میں کتنی بار ہراساں کریں گے؟،22 ماہ جیل میں اور58 والیمز میں یہ تمام چیزیں شامل ہیں ،ہر اثاثہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں ظاہر شدہ ہے جس پر آج تک کوئی اعتراض نہیں ہوا ،یہ صرف اور صرف نیب کے بعد ایف آئی اے کے ذریعے سیاسی انتقام اور میڈیا ٹرائل ہے ،ان تمام سوالات کے جواب حمزہ شہباز58 والیمز میں دے چکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جن جائدادوں کا ذکر کیا جارہا ہے ، وہ پہلے ہی قانونی عمل کا حصہ ہیں ۔پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ ایف آئی اے ذاتی ملازم نہ بنے، ریاستی ادارہ بنے ۔ایک شخص کی کتنی بار ایک ہی الزام میں تفتیش ہوگی؟ ۔