لاہور/کراچی ( نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی کے زیرا ہتمام آج کراچی سمیت ملک بھر کے صوبائی ،ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرزپر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی ، صوبائی ، ضلعی و زونل امرا احتجاجی مظاہروں کی قیادت اور خطاب کریں گے ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی نے 2 جولائی سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز اسلام آباد سے بے روزگاری مارچ سے کردیاہے ۔ اگلے مرحلے میں آج ملک بھر میں احتجاج کیا جارہاہے ، اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ملتان روڈلاہور ، نائب امیرلیاقت بلوچ و امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر ملتان، نائب امیر اسد اللہ بھٹو حیدرآباد، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیرمولانا عبدالحق ہاشمی پشین، سیکرٹری جنرل بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن کوئٹہ، امیر جماعت سندھ معراج الہدیٰ صدیقی سکھر، امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمن کراچی شہر، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری لاہور، امیر جماعت شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم گجرات، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی عارف شیرازی مریڑچوک راولپنڈی، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان سوات، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن پشاور، امیر جماعت اسلامی سرگودھا جاوید اقبال چیمہ سرگودھا، سردار ظفر حسین ایڈووکیٹ فیصل آباد اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ گوجرانوالہ میںمہنگائی و بے روزگاری مارچ و احتجاجی مظاہرے کی قیادت اور خطاب کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔دریں اثنا مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر یوم احتجاج اور تحریک کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والے مظاہرے کے حوالے سے لوگوں میں زبردست جوش وخروش موجود ہے ، شہر بھر سے عوام کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوگی ۔جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری منعم ظفر خان نے کارکنان و ذمے داران کو ہدایت کی ہے کہ مظاہرے میں بروقت شریک ہوں ،اپنے دوست واحباب اور عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد کی شرکت کو بھی یقینی بنائیں۔