گوادر پورٹ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، عاصم سلیم باجوہ

633

ہوشاب: عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر بندر گاہ اور سی پیک وزیراعظم کی پہلی ترجیح ہے، ہوشاب روڈ کی تعمیر جاری، سڑکوں کا جال بچھے گا جبکہ جنوبی بلوچستان کیلئے 6 سو ارب کا منصوبہ بنایا ہے اور سی پیک منصوبوں سے بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق  بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہناتھا کہ سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کا کریڈٹ یہاں کے عوام اور سکیورٹی فورسز کو جاتا ہے جنہوں نے یہاں سے دہشت گردوں کو بھگایا جبکہ بارڈر پر طویل باڑ لگائی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے چھ سو کلومیٹر تک باڑ لگائی جا چکی ہے جبکہ گوادر بندرگاہ اور سی پیک وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وزیر اعظم پیر کے روز گوادر کا دورہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کو ملک بھر کے ساتھ جوڑنے کے لیے سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے  اور اس وقت ہم ہوشاب، آواران خضدار روڈ پر موجود ہیں جبکہ یہاں دیگر بے شمار سڑکیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بسیمہ خضدار روڈ کا خصوصی طور پر حوالہ دیتے ہوئے اسے بہت اہم قرار دیا اور کہاکہ اس پر 70 فیصد تک کام ہو چکا ہے اور اس سال کے آخر تک کام پورا ہو جائے گا اور یہ علاقہ 72 سال سے گلے شکوؤں اور محرومیوں کا شکا رہا ہے، کبھی فنڈز اور ترجیح کی کمی اور کبھی سکیورٹی کی شکایات سامنے آتی رہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں ترقی کا انقلاب آتا ہوا دیکھ رہا ہوں،  اکثر یہ سوال پوچھا جاتا ہے کہ جو یہاں پر لوگوں کے ایشوز ہیں ان پر کیا کام ہو رہا ہے؟

ان کا کہنا تھاکہ یہاں سڑکوں، بجلی، پانی اور روزگار کے مسائل تھے جن کو حل کیا جا رہا ہے  جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر پلاننگ ٹیم نے جنوبی بلوچستان کا پیکیج بنایا جو 6 سو ارب روپے سے زیادہ کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 72 سالہ تاریخ میں پہلی بار اتنا بڑا پیکج شروع کیا جا رہا ہے،  پیکج میں وفاقی حکومت کے علاوہ صوبائی حکومت، سی پیک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کا بھی حصہ ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا  مزید کہنا تھا کہ پیکج میں 199 سکیمیں ہیں جن میں بے شمار ترقیاتی کام شامل ہیں اور 230 ملین ڈالر کی گرانٹ سے گوادر میں بہت بڑا ایئرپورٹ بھی بن رہا ہے اور جدید انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کی جائے گی جبکہ بسیمہ خضدار کے علاقے میں بہت بڑا گرڈ اسٹیشن بن رہا ہے۔