نواب شاہ (نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ کے ہیپاٹائٹس سے پاک سندھ پروگرام کے انچارج ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی اکبر ڈاھری نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی خصوصی ہدایات پر سندھ بھر میں ہیپاٹائٹس اسکریننگ ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد شروع کردیا گیا ہے جس کے لیے سندھ کے تمام اضلاع میں فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں
پہلا ہیپاٹائٹس اسکریننگ ویکسینیشن کیمپ ضلع شہید بینظیرآباد تحصیل سکرنڈ کے گوٹھ بھالو جمالی میں گذشتہ روز کیمپ لگایا گیا جس کا باقاعدہ افتتاح میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعلقہ ہسپتال سکرنڈ ڈاکٹر امتیاز چانڈیو، فوکل پرسن شہیدبینظیرآباد ڈاکٹر ریاض شاہ، ہیپاٹائٹس پروگرام سکرنڈ کے انچارج ڈاکٹر منصور قریشی نے کیا۔ مفت ہیپاٹائٹس اسکریننگ ویکسینیشن کیمپ میں تقریباً 560 افراد کے ہیپاٹائٹس بی،سی ٹیسٹ کیے گئے، ابتدائی ٹیسٹ میں 28 افراد میں ہیپا ٹائٹس بی،سی پایا گیا جن میں وہ مریض بھی شامل ہیں جن کا علاج جاری ہے، تمام مثبت افراد کی تصدیق کے لیےPCR ٹیسٹ کے نمونے لیے جائیں گئے۔ تقریباً800 افراد اور بچوں کی ہیپاٹائٹس ’بی‘ سے بچاو¿ کی ویکسین کی گئی۔ اس موقع پر فوکل پرسن شہیدبینظیرآباد ڈاکٹر ریاض شاہ، ہیپاٹائٹس پروگرام سکرنڈ کے انچارج ڈاکٹر منصور قریشی نے بتایا کہ کیمپ لگانے کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس جیسی خطرناک بیماری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔