سکھر،مائیکرو کالونی میں صفائی کی ابتر صورتحال ،علاقہ مکین سراپا احتجاج

143

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے علاقے مائیکرو کالونی میں صفائی کی ابتر صورتحال، علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے، ایڈمنسٹریٹر و دیگر حکام کیخلاف نعرے بازی، سکھرشہرکے گنجان آبادی والے علاقے مائیکرو کالونی کے مکینوں کی بڑی تعداد نے پاکستان سنی تحریک سندھ کے صدر نور احمد قاسمی و دیگر کی قیادت میں علاقے میں صفائی کی ابتر صورتحال کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایڈمنسٹریٹر سکھر سمیت حکام کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر و دیگر بلدیہ حکام کی عدم توجہ اور بے حسی کے باعث ہمارے علاقے سمیت شہر بھر میں صفائی کی ناقص صورتحال ہے، شہر کو جان بوجھ کر کوڑے دان میں تبدیل کیا جارہا ہے، یہ سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کے ضلع کا شہر ہے، جب یہاں یہ صورتحال ہے تو سندھ کے دیگر شہروں میں کیا صورتحال ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے موجودہ ایڈمنسٹریٹر نے چارج سنبھالاہے شہر کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈمنسٹریٹر کو ہٹایا جائے اور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بناکرشہریوں کو عذاب سے نجات دلائی جائے۔