ملتان(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی پی کا سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا اورسندھ میں آئندہ اقتدار پی ٹی آئی کا ہوگا۔ پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو والی پارٹی نہیں بلکہ زرداری والی پارٹی بن چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے ملاقات اور تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات دفن ہو چکے ہیں، پیپلز پارٹی کو سندھ میں حکومت کرتے ہوئے 12 سال ہوگئے ہیں۔ اندرون سندھ کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں۔سندھ میں کرپشن آسمان کو چھو رہی ہے، ہر ادارے میں کرپشن کی گنگا بہہ رہی ہے۔ان حالات میں آپ ترقی کے جتنے مرضی نعرے لگالیں سب بے کار ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، افغانستان میں قیام امن کی ذمے داری افغان قیادت پر عاید ہوتی ہے۔ ہم افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کے متمنی ہیں،نئے معاہدے سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان تجارت کاحجم کئی گنابڑھ جائے گا۔