عدالت عظمیٰ نے ایس پی صدر لاہور کیخلاف شوکاز نوٹس معطل کردیا

87

لاہور (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ نے ایس پی صدر لاہور حفیظ الرحمن بگٹی کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس معطل کردیا۔ عدالت عظمیٰ لاہور رجسٹری میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل بینچ کے روبرو ایس پی صدر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ایس پی صدر نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے سامنے درخواست گزار کی جانب سے مکمل حقائق نہیں رکھے گئے اور غلط حقائق بتا کر ہائی کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، میں نے ہائی کورٹ کے سامنے کوئی غلط بیانی نہیں کی، لیکن پھر بھی ہائی کورٹ نے شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے جو خلاف قانون ہے‘ عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس معطل کیا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائی کورٹ میں ایس پی حفیظ الرحمن بگٹی کے خلاف جاری کارروائی روک دی۔