کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علما اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن کو ایک ہفتہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد جمعرات کو گھر جانے کی اجازت دیدی گئی، اسپتال کے عملے نے دعا اور گلدستے کے ساتھ الوداع کیا۔مولانا فضل الرحمن اسپتال سے جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹائون کراچی پہنچے، جہاں پر انہوں نے جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹائون کراچی کے مہتمم، وفاق المدارس العربیہ پاکستان و اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے صدر، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر شیخ الحدیث مولاناڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر تعزیت کی۔اسپتال سے روانگی کے وقت مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی، جے یو آئی کے قاری محمد عثمان، مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود اور دیگر بھی تھے۔