لاڑکانہ ،پولیس کا ڈاکوکو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ

106

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس کا ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ، مبینہ ڈاکو کو اسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے تھانہ ولید کی پولیس نے آریجہ روڈ پر جرائم پیشہ افراد سے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوئے پولیس کی جانب سے زخمی ڈاکو کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت گاؤں پیر شیر کے رہائشی شاہد ولد حنیف جتوئی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقابلے میں دو ملزمان فرار ہوئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم دوران ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی موجود ہے جو 2012ء سے قبل جرائم کی دنیا میں داخل ہوا اور دہشت گردی اور پولیس مقابلے کے مقدمے میں دس سال سزا یافتہ مجرم ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزم کو دس سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جبکہ ملزم دس سال جیل کاٹنے کے بعد پھر سے ڈکیتیوں ،لوٹ مار، رہزنوں اور چوریوں کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جن کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملے ہیں، ملزم کے خلاف تھانہ دڑی، سول لائن اور ولید پر مقدمات درج ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔