اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زاید اثاثوں کے ریفرنس میں اہم پیشرفت ، نیب نے ریفرنس میں شہادتیں مکمل کر کے بیان جمع کرا دیا۔ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے گواہان مکمل ہو گئے ،فی الحال مزید شواہد پیش نہیں کریں گے۔احتساب عدالت کورٹ روم نمبرایک کے جج محمد بشیر نے ملزمان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے 14جولائی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ علاوہ ازیںگزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس کمپلیکس ریفرنس کی سماعت کی ۔ سماعت کے موقع پر احسن اقبال نے عدالت میں بطورملزم اپنی حاضری لگائی تاہم نیب کے گواہ کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب گواہ کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 14جولائی تک ملتوی کردی۔