آئی ایم ایف کے بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آئیگا‘ احسن اقبال

59

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا‘ اپوزیشن کی بھر پور مخالفت کی وجہ سے حکومت 350 ارب روپے کے نئے ٹیکسز واپس لینے پر مجبور ہوئی‘ حکومت نے اصل بجٹ پیش نہیں کیا‘ اصل بجٹ وہ ہے جو حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے کی ہوئی ہیں اور اس کے نتیجے میں پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ ہو گا، بجٹ پیش ہونے کے بعد حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات 2 روپے فی لیٹر مہنگی کرکے جھٹکا لگایا اور اب مزید 6 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری بھیج دی گئی‘ میں بلاول زرداری کے بیان کو نہایت ہی بچگانہ تصور کرتا ہوں‘ حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ شہباز شریف کے کزن طارق شفیع کا انتقال ہوا ہے اور اس کی وجہ سے انہیں اسلام آباد سے واپس لاہور جانا پڑا‘ کسی کی تعزیت کو سیاسی بیان بازی کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے جو لوگ (ن) لیگ پر فرینڈلی اپوزیشن ہونے کا الزام لگاتے ہیں وہ اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔