کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے تجاوزات آپریشن سے بے گھرافراد کو متبادل زمین دینے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت نے بلاول زرداری کی ہدایت پر متبادل آباد کاری پلان تیار کرلیا۔ پلان کے مطابق اورنگی اور گجرنالہ کے اطراف گرائے گئے گھروں کے مکینوں کو متبادل پلاٹ دیے جائیں گے‘ دیگر رہائشی منصوبوں کے متاثرین کو بھی متبادل زمین دی جائے گی۔ذرائع سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں تجاوزات آپریشن کے دوران گرائی گئی دکانوں کے مالکان کو بھی متبادل زمین دی جائے گی۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے متعلق انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کی سربراہی عدالت عظمیٰ کے ریٹائرڈ جج کریںگے ‘ کمیشن کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے‘ مقصد خلاف ضابطہ تعمیرات میں ملوث افسران کا تعین کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیشن کا مسودہ بیرسٹر مرتضی وہاب نے تیار کیا ہے۔ کمیشن گجرنالے اور دیگر متاثرین کو متبادل80،80 گز کے پلاٹ فراہم کرے گا۔ کمیشن کا مسودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کردیا گیا ہے۔ مجوزہ کمیشن میں نسلہ ٹاور اور دیگر متاثرین کے معاملے پر بھی غور کرے گا۔