اقتدار میں آ کر چوروں لٹیروں کا صفایا کر دیں گے، سراج الحق

537

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پڑھے لکھے افراد آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اقتدار میں آ کر چوروں لٹیروں کا صفایا کر دیں گے، ہماری جنگ کرپٹ مافیا سے ہے۔

اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن ختم کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی،  گورننس ٹھیک کی جاتی تو تمام شعبوں میں بہتری آسکتی تھی، حکومت نے تین سالوں میں ایک دفعہ بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بڑی جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں، ملک مزید ان لوگوں کا متحمل نہیں ہو سکتا جنھوں نے اس کے وسائل کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ آئیے قرآن و سنت کا دامن مضبوطی سے تھام لیں اور اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کریں، خیبرپختونخواہ کا روڈ انفراسٹرکچر خستہ حال، صحت کے شعبہ میں انقلاب کے تمام دعوے زمینی حقائق کے منافی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملک کو غربت کی دلدل سے نکالنا ہے تو سودی نظام اور آئی ایم ایف کو خیرباد کہنا ہو گا، فرقہ واریت اور لسانی اور صوبائی تعصبات سے جان چھڑانا ہو گی، پاکستان کی ترقی کا راز اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کر دیا ہے،عوام کو ریلیف نہ ملنے تک تحریک جاری رہے گی ۔