لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)لاڑکانہ کے قریب نئودیرو میں زمیندار کے گھر سے چور مبینہ طور پر 1 کروڑ روپے سے زائد کے طلائی زیورات اور نقد رقم لے اڑے، زمیندار کی بیٹیوں کی چند روز بعد شادی تھی۔تفصیلات کے مطابق نئودیرو شہر کے ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب کے رہائشی زمیندار نذیر ابڑو کی رہائش گاہ سے نامعلوم چور مبینہ طور پر 70 تولے طلائی زیورات اور نقد رقم سمیت 1 کروڑ روپے سے زائد کی چور کر کے فرار ہو گئے۔ زمیندار نذیر ابڑو کا کہنا ہے کہ تمام اہل خانہ سمیت ایک عزیز کی فوتگی پر ایک روز قبل گھر کو تالا لگا کر شہر سے باہر گئے تھے تو چوری کا واقعہ پیش آیا ۔چوروں نے گھر اور الماریوں کے تالے توڑ کر کارروائی کی جبکہ چند روز بعد بیٹیوں کی شادی تھی۔ واقعے کی اطلاع اہل محلہ نے دی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جبکہ متعلقہ پولیس کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ ابھی نہیں لگایا جاسکا تاہم جائے واردات پر فرانسک ٹیم شواہد اور فنگر پرنٹس حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جیو فنسگ کی ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی جائے گی تمام شواہد اکٹھا کر کے ملزمان کا پتا چلایا جائے گا۔