حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیسے جائے گی،آصف زرداری

256

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیسے جائے گی۔ قومی اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ مانگے تانگے پر چلنے والی حکومت کہیں ہے نہیں‘ اگر حکومت کہیں ہو تو وہ گرے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر ہمیں نظر بھی رکھنی ہے اور سوچ بچار بھی کرنی ہے‘ افغانستان کی صورت حال خطرناک ہے‘ اس کے اثرات پاکستان پر آسکتے ہیں‘ اسرائیل سے روابط کے معاملے پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے۔ اس سے قبل آصف زرداری اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں پیش ہوئے۔ فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرایا۔نیب کی جانب سے آصف زرداری کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد سے متعلق رپورٹ پیش کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ مشتاق احمد پوری تفتیش کے دوران بلانے پر پیش نہیں ہوا، ہماری اطلاعات کے مطابق مشتاق احمد 2015ء سے بیرون ملک مقیم ہے ، عدالت مشتاق احمد کے وارنٹ جاری کرے۔ عدالت نے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔