بجٹ غیر قانونی ہے،اسپیکر نے ایوان کا تقدس پامال کیا،بلاول

87

اسلام آباد(آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کا تقدس پامال کیا، بجٹ کی منظوری غیر قانونی عمل ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ جب ہم نے آواز کے ووٹ کو چیلنج کیا تو اس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گنتی کرانی چاہیے تھی لیکن اسپیکر نے ایسا نہیں کیا جس سے سارا عمل غیر قانونی ہوگیا، اسپیکر کو فی الفور اس کا جواب دینا ہوگا، اگر حکومت کا بجٹ اتنا اچھا ہے تو وہ کیوں چھپ رہی ہے، یہ اسمبلی بھی دھاندلی پر بنائی گئی اور اب بجٹ بھی، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے اس کو غلط طریقے سے پاس کرایا گیا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے تمام اراکین ایوان میں موجود تھے، تمام اپوزیشن اراکین کو بھی موجود ہونا چاہیے تھا، شہباز شریف سے وعدہ کیا تھا پیپلز پارٹی کے تمام اراکین موجود ہوں گے، ہم نے وعدہ پورا کیا، مؤثر اپوزیشن اس وقت ہوتی ہے جب اپوزیشن لیڈر ایوان میں موجود ہوں، ہمیں اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے، قائد حزب اختلاف پر اگر حکومتی بینچز حملہ کریں گے تو ہم برداشت نہیں کرسکتے، پتا نہیں ن لیگ والے کیسے کررہے ہیں۔بلاول نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی صورتحال پر اعتماد میں لیا جائے اور قومی سلامتی کے فورم کو استعمال کیا جائے گا، شہباز شریف انتخابی اصلاحات کے لئے اے پی سی بلا رہے ہیں اس میں اپنا وفد بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کے اثاثوں کی وضاحت ہونی چاہیے، نیب کے ہر افسر کے اثاثوں کو سامنے لایا جائے، چیئرمین نیب کو رضاکارانہ اپنی تعیناتی کے دن سے آج تک کے اثاثے سامنے لانے چاہییں ورنہ ہم قانون سازی لائیں گے۔