لاہور دھماکے کے پیچھے ملک دشمن ایجنسیاں ملوث ہیں، شاہ محمود

130

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں بعض عناصر سپائیلرز کا کردار ادا کر رہے ہیں،جو پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں،تحقیقاتی اداروں نے لاہور دھماکے میں ملک دشمن ایجنسیوں کی معاونت کی طرف اشارہ کیا ہے۔منگل کو لاہور دھماکے کی تفتیش میں سامنے آنے والی پیش رفت کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے انٹیلی جنس اداروں اور پنجاب کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے انہوں نے سائنٹفک انداز میں تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے، نہ صرف معاملے کی تہہ تک پہنچے بلکہ ذمے داروں کی گرفتاریاں عمل میں لائے ،ہمارے مستعد اداروں نے، انتہائی کم وقت میں، ان عناصر کو پوری طرح بے نقاب کیا جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں بھی کچھ عناصر اسپائیلرز کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم نے اپنی سمت بھی درست کر لی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کا کافی عرصہ سے مطالبہ تھا کہ انہیں قومی سلامتی کے امور پر اعتماد میں لیا جائے۔حکومت نے، بجٹ کے بعد، یکم جولائی کو سہ پہر 3 بجے قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کو مدعو کیا گیا ہے اس کے علاوہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے 16/17 پارلیمنٹیرینز کو مدعو کیا جا رہا ہے۔