بھارت نے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی بنانے کی کوشش کی ،شاہ محمود

232

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ٹیکنیکل فورم ہے یا سیاسی فورم ہے، اگرفیٹف ٹیکنیکل فورم ہے تو ہمیں وائٹ لِسٹ میں ہونا چاہیے تھا،بھارت نے اس فورم کو سیاسی کرنے کی کوشش کی ہے اور کچھ قوتیں سمجھتی ہیں کہ پاکستان پر مسلسل تلوار لٹکتی رہنے سے ان کے مقاصد حاصل ہوں گے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ فیٹف نے کہا کہ 27 نکات پر عمل کریں تو وائٹ لسٹ میں جائیں گے، ہم27 میں سے 26 نکات پر مکمل عمل کر چکے ہیں، پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف جو اقدامات کیے ہیں، اس کے بعد کوئی جواز نہیں کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ فیٹف کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ٹیکنیکل فورم ہے یا سیاسی فورم ہے؟ اگر فیٹف ٹیکنیکل فورم ہے تو ہمیں وائٹ لسٹ میں ہونا چاہیے تھا، بھارت نے اس فورم کو سیاسی کرنے کی کوشش کی ہے اور کچھ قوتیں سمجھتی ہیں کہ پاکستان پر مسلسل تلوار لٹکتی رہنے سے ان کے مقاصد حاصل ہوں گے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی قومی ضرورت کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں اور پاکستان جلد ہی گرے لسٹ سے باہر آ جائے گا۔وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت میں یورینیم کے پکڑے جانے کا معاملہ مختلف فورمز پر اٹھایا ہے، اگریہ پاکستان میں ہوتا توبھارت نے آسمان سر پراٹھالینا تھا۔ افغانستان کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ افغانستان میں خانہ جنگی ہوئی تو پاکستان اس کی زد میں آسکتا ہے، پاکستان میں پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے کی مزید سکت نہیں۔