سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بے نظیر بھٹو شہید کی 68 ویں سالگرہ بڑی عقیدت اور احترام سے منائی گئی جس میں عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری رانا عدیل اکبر نے بخوبی سر انجام دیتے ہوئے بے نظیر بھٹو کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو انسانی حقوق کی امین تھیں۔ بلا شبہ ان کی جمہوری جدوجہد اور قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ پیپلز پارٹی سعودی عرب کے سینئر نائب صدر ریاض راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو ملک و قوم کا سرمایہ تھیں۔ ہم پارٹی کارکنان اُن کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وسیم ساجد نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے تینوں بچے اپنی عظیم ماں کے اوصاف حمیدہ اپنا کر ان کے نقش قدم پر چل کر اسی وراثت کو فروغ دیں گے اور عوامی خدمت کے مشن کو اسی تندہی سے جاری رکھیں گے۔تقریب سے سردار محمد رزاق، صداقت حسین بھرگوش، یونس ابو غالب، شریف بلوچ بھٹو، سردار نصیر، غلام نبی، جہانگیر بدر، عبدالکریم خان، بخت خان، سفیر حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں بے نظیر بھٹو شہید کی 68 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔