جدہ: بینظیرکی سالگرہ تقریب سے تصورچودھری اورکلیم خان کا خطاب

308

جدہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چودھری تصور حسین کی صدارت میں پی پی پی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ کی تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں الطاف حسین اور مہمانانِ اعزازی میں پیپلز یوتھ آرگنایزیشن سعودی عرب کے صدر محمد کلیم خان ، پی پی پی جدہ سٹی کے صدر راجہ اعجاز حسین جنجوعہ شامل تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت اور حمد و نعت سے ہوا، جس کے بعد شاعر و صحافی زمرد خان سیفی نے قائدین کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے صدر تصور چودھری نے کہا کہ شہید بی بی بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی یہ تقریب نہ صرف اظہار عقیدت، خراج تحسین اور دعائے مغفرت کے لیے ہے، بلکہ تجدید عہد کے لیے بھی ہے۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے وطن واپسی کو ترجیح دی اور آمریت کے سامنے اپنے آبا کی طرح ڈٹ گئیں۔
بعد ازاں آفتاب علی ترابی نے پر جوش انداز میں نظم پیش کر کے داد و تحسین وصول کی۔ تقریب سے پی وائی او کے صدر کلیم خان نے اپنے خطاب میں بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہم مرکزی قیادت کے شانہ بہ شانہ بھٹو ازم کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ تقریب سے نائب صدر پی پی پی ملک جاوید حسین اور اسد اکرم نے بھی شہید رانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں شامل وسیم اکرم، ملک الیاس اعوان، راجہ عبید، ملک مدثر، ملک تکاثر عباس، اکرام اللہ کولی اور محمد اعجاز بھی شامل تھے۔ آخر میں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرحوم قائدین کی مغفرت اور وطن عزیز پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشی اور استحکام کی دعا کی گی۔