ہمیں اپنی حدود کے مطابق کام کرنا ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

229

لاہور (نمائندہ جسارت)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ کہا ہے کہ آئین کے تحت بننے والے ادارے کبھی بند نہیں ہوتے یہ کیسے ممکن ہے کہ آئین کے ایک حصہ عدلیہ کو بند کردیا جائے اسی لیے کورونا وبا کے دوران بھی عدالتیں انصاف مہیا کرتی رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپنے اعزازمیں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،نامزد چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے بھی ظہرانے میں خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ لوگ آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اداروں نے یہیں رہنا ہے، ہمارا بنیادی مقصد اداروں کی مضبوطی اور سربلندی ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا بنیادی اسٹیک ہولڈر مجبور، مظلوم اور پسا ہوا وہ غریب طبقہ ہے جو انصاف کے حصول کے لیے ہمارے پاس آتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے کچھ اصول ہوتے ہیں، ان میں پہلا اصول یہ ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود و قیود میں رہتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق کام کریں، دوسرا اصول قانون کی عملداری ہے ۔