سکھر میونسپل کارپوریشن مسائل کے حل میں ناکام ہے،جاوید میمن

116

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن شہریوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، نئے تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹر نے بھی شہریوں کی پریشانیوں اور مسائل کے حل کیلیے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے، شہر کے تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں جابجا گندگی کے ڈھیر اور اس سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،شہری مسائل کے حل کیلیے احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلیے اتوار کو ایس ڈی اے کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جس میں ایس ڈی اے میں شامل تمام سیاسی، سماجی، مذہبی، قوم پرست، تاجر تنظیموں کے رہنما شریک ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، آغا طاہر مغل، شہزادو بھٹو، حافظ محمد شریف ڈاڈا، شکیل قریشی، ظہیر حسین بھٹی، شاہ محمد انڈھڑ، محمد رضوان قادری، محمد منیر میمن، سید عمران شاہ، آغا محمد اکرم درانی، ڈاکٹر سعید اعوان، طارق میرانی، امداد جھنڈیر، مولانا اشرف میمن، انیس خان،محمد زبیر قریشی، فقیر رمضان کورائی، حسن شہید، حسن قاضی اور محمد شبیر میمن سمیت دیگر سے بات چیت کے دوران کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ جب تک سفارش اور سیاسی مداخلت کے بغیر میرٹ کی بنیاد پر میونسپل ایڈمنسٹریٹر تعینات نہیں ہوتا شہری مسائل حل نہیں ہوسکتے، جو بھی افسر چارج لیتا ہے وہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی آقائوں کے اشاروں پر کام کرنا شروع کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کے مسائل روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایک جانب تو شہر بھر میں گندگی، غلاظت کے ڈھیر ہیں تو دوسری جانب شہریوں کو انتہائی بدبودار اور مضر صحت پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے شہری تیزی سے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کے حل کیلیے اتوار کو سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جس میں شہر کی سیاسی ،سماجی، مذہبی، قوم پرست، تاجر تنظیموں کے رہنما شرکت کر کے شہری مسائل کے حل کیلیے احتجاج کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔