عدالت عظمیٰ نے علی وزیر کی تقریر کے ترجمے کی کاپی طلب کر لی

165

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے ملک مخالف تقریر اور بغاوت کے مقدمے میں ضمانت سے متعلق رکن قومی اسمبلی محمد علی عرف علی وزیر کی کرمنل اپیل پر علی وزیر کی تقریر کے ترجمے کی کاپی طلب کر لی۔ جسٹس مقبول باقر،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل لارجر بینچ نے عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں سماعت کی۔دوران سماعت پولیس حکام کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ علی وزیر کی تقریر کا پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر نے ترجمہ کیا تھا اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ہدایت پر تقریر کا پشتو سے اردو میں ترجمہ کیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے رکن قومی اسمبلی کی تقریر کے ترجمے کی کاپی طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف پی ٹی ایم کے جلسے میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے جبکہ اے ٹی سی اور سندھ ہائیکورٹ علی وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کر چکی ہے۔