ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا خطاب جیت لیا ۔ وہ پاکستان سپر لیگ کا خطاب جیتنے والی چوتھی ٹیم ہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے دو مرتبہ اور کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے۔ اب صرف لاہور قلندرز ایسی ٹیم ہے جس نے پاکستان سپر لیگ کا خطاب نہیں جیتا ہے۔
ابوظبی میں کھیلے گئے فائنل میں ملتان سلطانز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 206 رنز بنائے تھے جو فائنل میں سب سے زیادہ اسکور کے ساتھ ساتھ ملتان سلطانز کا پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔پشاور زلمی نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 159 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے وہ دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا خطاب جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
اس سے پہلے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں سب سے زیادہ اسکور18.4 اوور میں چار وکٹ پر 175 رنز تھا جو اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلاڈیٹرس کے خلاف دبئی میں 23 فروری2016 کو بنایا تھا۔ ملتان سلطانز کا اس سے پہلے پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں چھ وکٹ پر200 رنز تھا جو اس نے شارجہ میں لاہور قلندرز کے خلاف 22 فروری 2019 کو بنایا تھا۔
ملتان سلطانز نے پہلی مرتبہ2018 میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی تھی اور چھ ٹیموں والے اس ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔2019 میں بھی اس نے پانچواںمقام حاصل کیا تھا۔2020 میں اس نے لیگ میںتو پہلی پوزیشن حاصل کی تھی مگر وہ فائنل میں داخل نہیں ہوئی اور تیسرے مقام پر ہی۔اس مرتبہ وہ لیگ میں دوسرے مقام پر رہی تھی۔ کوالیفائر میں اس نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو31 رنزز سے شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔پاکستان سپر لیگ کی شروعات 2016 میں ہوئی تھی جس میں پانچ ٹیموں نے شرکت کی تھی۔لیگ میں تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ نے خطاب حاصل کیا تھا۔ دبئی میں23 فروری کو ہوئے فائنل میں اس نے کوئٹہ کو چھ وکٹ سے شکست دی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 174 رنزز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے18.4 اوور میں چار وکٹ پر 175رنزز بناکرپہلے چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔پشاور زلمی نے2017 میں خطاب پر قبضہ کیا تھا۔اس نے لیگ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ لاہور میں5 مارچ کو کھیلے گئے فائنل میں اس نے کوئٹہ کو58 رنزز سے شکست دی تھی۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں چھ وکٹ پر 148 رنزز بنانے کے بعدکوئٹہ کو 16.3 اوور میں90 رنزز پر آئوٹ کردیا تھا۔اسلام آباد یونائٹیڈ نے 2018 میں دوسری مرتبہ چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ لیگ میں پہلا مقام حاصل کرکے فائنل میں پہنچی تھی جہاں اس نے پشاور زلمی کو تین وکٹ سے شکست دی تھی۔2019 میں کوئٹہ نے خطاب حاصل کیا تھا۔لیگ میں اس کو دوسرا مقام ملا تھا۔ گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ کا خطاب کراچی کنگز نے حاصل کیا تھا ۔ وہ لیگ میں دوسرے مقام پر رہی تھی۔