کراچی( سید وزیر علی قادری) قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے سندھ حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہاکی اسٹیڈیم بنانے کا اعادہ کیا۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 1.5 بلین کی لاگت سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر مکمل بریفنگ دی گئی، اسٹیڈیم میں سوئمنگ پول، اسنوکر روم، چیس روم بھی ہونگے۔
بریفنگ پلان کے مطابق عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں وی آئی پی پویلین ہوگا جس میں 100 لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ ہوگی جبکہ تمام پویلینز گراؤنڈ سے 8 فٹ اونچے تعمیر ہونگے۔
اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں پی ایچ ایف آفس، میڈیا سینٹر، کمینٹری باکس وی آئی پی پویلین کی طرف بنائیں جائیں گے، اسٹیڈیم کی دائیں سائیڈ پر سٹیٹ آف دی آرٹ فٹنس جم، اسکواش گراؤنڈ، بولنگ الیز اور کافی شاپ تعمیر کی جائینگی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ قومی کھیل کی ترقی بحالی اور فروغ کے لئے کوشاں ہے، اس سلسلہ میں ہم نے صوبے کے دیگر اضلاع میں ہاکی کو فروغ دینے کیلئے گراؤنڈ بنانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کراچی کا عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم دنیا کے سٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیمز میں شمار ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہاکی اسٹیڈیم ایک سپر اسٹیکچر اسٹیڈیم ہوگا اور اسٹیڈیم کی تعمیر کے پہلے فیز کیلئے سندھ حکومت 845 ملین روپے دیگی جبکہ سندھ حکومت اسٹیڈیم کی تعمیر کے دوسرے مرحلے کیلئے پی پی پی موڈ کے تحت فنانس کرے گی۔
دوسرے مرحلے کی تعمیر کا لون سندھ حکومت ادا کریگی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیدھ مراد علی شاہ نے پرعزم انداز میں کہا کہ سندھ حکومت پی ایچ ایف کے ساتھ ملکر نہ صرف دنیا کا ایک بہترین اسٹیڈیم تعمیر کرے گی بلکہ ہاکی کو ترقی بھی دلوائے گی۔ یہ ورلڈ کلاس اسٹیڈیم ہوگا جس میں سندھ حکومت پر لحاظ سے بھرپور کردار ادا کریگی۔
جس پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈئر ر خالد سجاد کھوکھر نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے سندھ حکومت کا تعاون بے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے کراچی میں قومی کھیل کا عالمی معیار کا انفراسٹکچر قائم ہوگا جس سے پی ایچ ایف کو انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد میں مدد ملے گی۔
بعد ازاں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشنبرگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ کے ہمراہ عبدالستار ہاکی سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا، جہاں اولمپین حینف خان نے کوآرڈنیئٓیٹر پی ایچ ایف حیدر حسین کے ہمراہ ان کا استقبال کیا دورہ کے اختتام پر صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے پریس کانفرنس میں سندھ حکومت اور پی ایچ ایف کے مابین قومی کھیل کی ترقی و ترویج کے سلسلہ میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کا پلان شیئر کیا۔
اس موقع پر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ کوشش ہے کہ ملک بھر میں ایکسی لینس سینٹرز کے قیام کو عمل میں لایا جائے تاکہ ان سینٹرز میں ٹیلنٹ کی آبیاری کے ساتھ ساتھ مقابلہ کی فضا قائم ہوسکے اور کھیل کا معیار بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایچ ایف کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ آفر کرے گی۔
اس سلسلہ میں ابتدائی طور پر 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ آفر کیا جائے گا۔ اور فنڈز کی دستیابی کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ کار مزید وسیع کرینگے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی بنیاد کرکردگی ہوگی کھلاڑیوں کے لئے سینٹرکنٹرکٹ کا واحد معیار پرفامنس ہوگی۔
صدر پی ایچ ایف نے مزید کہا کہ وومن ہاکی کے ایونٹ بھی پائپ لائن میں ہیں۔ پاکستان میں ہاکی فائیو کی ترویج پی ایچ ایف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت سے بھی التماس ہے کہ اس پیٹرن آف ہاکی کی پروموشن کے لئے وسائل مختص کرے ۔ ہاکی فائیو میں کھیل کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ محدود وسائل درکار ہوتے ہیں۔ جس سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے۔