راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے پانچ جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے سنگن میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کردیا، جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں کو بھی بھاری مالی و جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
شہید ہونے والوں میں حوالدار ظفر علی خان ساکن لکی مروت، لانس نائیک ہدایت اللہ ساکن لکی مروت، لانس نائیک ناصر عباس ساکن بھکر، لانس نائیک بشیر احمد ساکن نصیر آباد اور سپاہی نور اللہ ساکن لکی مروت شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں، بلوچستان کا امن ایسے عناصر کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، سکیورٹی فورسز جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے۔