نوابشاہ (سٹی رپورٹر) الخدمت فائونڈیشن نوابشاہ کی جانب سے کٹے ہونٹ اور تالو کے آپریشن کے حوالے سے مفت کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں 53 مریضوں کا چیک اپ ہوا اور 32 مریضوں کو سرجری کے لیے الرحمن میڈیکل سینٹر لاڑکانہ روانہ کیا گیا، تمام مریضوں کو مفت رہائش اور کھانا فراہم کیا نیز لاڑکانہ لے جانے اور واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور کھانا فراہم کیا گیا ہے، مریضوں کو سرجری کے بعد واپس نوابشاہ لایا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی ضلع شہید بینظیر آباد سرور احمد قریشی، سرجن ڈاکٹر محمد کامران انصاری اور سوشل سیکورٹی انچارج نوابشاہ عبدالرحمن خاصخیلی صاحب نے کیمپ کا دورہ کیا اور الخدمت فائونڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور صدر الخدمت نوابشاہ عبدالوہاب کی اور سیکرٹری محمد سلمان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع شہید بینظیرآباد سرور احمد قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے، ایسے میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر انجینئر عبدالوہاب خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے نہ صرف غریب بلکہ سفید پوش طبقہ کو اپنا گزارا کرنا مشکل ہوگیا، ایسے میں الخدمت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ الخدمت سے اپنا تعاون جاری رکھیں۔ کیمپ میں الخدمت کے رضاکاروں نے جنرل سیکرٹری محمد سلمان قریشی اور کرم علی لاشاری کی نگرانی میں کیمپ کے انتظامات کو احسن طریقے سے سنبھالا جس کو مریضوں نے سراہا۔